ایران (جیوڈیسک) ایرانی ولایت فقیہ کے بانی آیت اللہ خمینی بے پوتے حسن خمینی نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ حکومت جس ڈگر پرچل رہی ہےاس کے تسلسل میں ایرانی نظام کے بقاء کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی نظام کی بقاء اس کے عوام کی منشاء اور مرضی سے مضبوط ہوتی ہے۔ ایرانی عہدیداروں کو انسانی رویئے کے اصولوں کا خاص طورپر خیال رکھنا ہوگا۔ عوام ہی نظام کی بقاء اور سقوط میں کلیدی اہمیت رکھتے۔ موجودہ حکومت جس ڈگرپرچل رہی ہے اس کے جاری رہتے ہوئے ایرانی رجیم کی بقاء کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
حسن خمینی کا کہنا تھا کہ ایرانی نظام کے بنیادی اصولوں کی پاسداری نہ کی گئی تو نظام کا دھڑن تختہ ہوسکتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی’ایسنا’ کے مطابق حسن خمینی نے ان خیالات کا اظہار دارالحکومت تہران میں منعقدہ ایک مذہبی تقریب سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا طرز عمل نظام کی بقاء اور سقوط کے اسباب میں شامل ہے۔ حکومت کو عوام کے حقوق کا خاص خیال رکھنا ہوتا ہےبہ صورت دیگر نظام کے بقاء کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
گذشتہ بدھ کو ایرانی خاتون اصلاح پسند رہ نما فائزہ ہاشمی رفسنجانی نے بھی خبردار کیا تھا کہ ایرانی نظام اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے۔