برلن: راہ گیروں پر کار چڑھ دوڑنے سے پانچ زخمی

German Police

German Police

برلن (جیوڈیسک) جرمن دارالحکومت برلن میں ایک ڈرائیور نے اپنی کار راہ گیروں پر چڑھا دی۔ کار چڑھانے والے اس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس عمل کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جرمن دارالحکومت برلن میں ایک ڈرائیور نے اپنی کار راہ گیروں پر چڑھا دی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ آج ہفتہ 29 دسمبر کو علی الصبح پیش آیا۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے برلن فائر بریگیڈ کے حوالے سے بتایا ہے کہ کار کی ٹکر سے کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں سے تین شدید زخمی ہیں۔

مقامی پولیس کی ایک خاتون ترجمان کے مطابق اب تک اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ راہ گیروں پر موٹر کار چڑھانے والا یہ شخص نشے کی حالت میں تھا یا وہ کسی اور دوائی کے زیر اثر تھا۔ خاتون ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کے خون کا نمونہ حاصل کر کے اسے جانچ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

خاتون ترجمان کے مطابق پولیس نے اس واقعے کی تفتیش مختلف جہتوں سے شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک پیدل چلنے والے افراد پر کار چڑھانے کے پیچھے کارفرما مقصد واضح نہیں ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ واقعہ کسی بھی طرح سے حملہ دکھائی نہیں دیتا۔

برلن ایک کرسمس مارکیٹ پر دو برس قبل ایک ٹرک کی مدد سے کیے گئے ایک حملے میں بارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔