پاکستان ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کیلئے خطرہ دکھائی دے رہا ہے: بیٹنگ کوچ

Grant Flower

Grant Flower

کیپ ٹاؤن (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول اس طرح کا نہیں جس طرح پہلے تھا اور کچھ کھلاڑیوں کے لیے خطرہ دکھائی دے رہا ہے۔

جنوبی افریقا سے سنچوریں ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان اور ہیڈ کوچ کے درمیان گرما گرمی اور ڈریسنگ روم کے ماحول سے متعلق آنے پر بیٹنگ کوچ نے مایوسی کا اظہار کیا۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کہا کہ میچ میں شکست کسی کو پسند نہیں ہوتی اور شکست کے بعد ڈریسنگ روم کا ماحول بھی اچھا نہیں ہوتا لیکن پاکستان ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول پہلے کی طرح نہیں ہے۔

گرانٹ فلاور نے کہا کہ میں سلیکشن کے معاملات میں شامل تو نہیں لیکن بہت سے کھلاڑیوں کے لیے خطرہ دکھائی دے رہا ہے تاہم ایک دو کھلاڑیوں پر انگلیاں نہیں اٹھائی جاسکتیں۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کھلاڑیوں کے درمیان سخت باتوں سے متعلق خبروں پر گرانٹ فلاور نے کہا کہ سب کو شیشے میں دیکھنے کی ضرورت ہے اور ایسا کبھی نہیں ہونا چاہیے، ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں اور جنوبی افریقا کا دورہ ٹیم ورک ہے۔

بیٹنگ کوچ نے کہا کہ وہ چار سال سے پاکستان ٹیم کے ساتھ ہیں اور اس عرصے کے دوران بہت سی چیزیں لیک ہوئیں اور حالیہ لیک ہونی والی باتیں بھی نئی نہیں لہذا ان کے لیے موجودہ لیک ہوئی باتیں سامنے آنا حیرانی کی بات نہیں۔