پیرس (جیوڈیسک) فرانس نے ایران سے جوہری ہتھیار لے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور دیگر سرگرمیاں فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پیرس تہران کی جانب سے جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائلوں کے تجربات اور ان کی تیاری کی سرگرمیوں کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ فرانس کا ایران سے پر زور مطالبہ ہے کہ وہ جوہری اسلحہ کے حامل میزائلوں کی تیاری فوری روک دے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان انییس فون ڈیرمال نے پیرس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت والے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری روک دے۔
ترجمان نے ایرانی صدرحسن روحانی کے بیان کے رد عمل میں کہا کہ ایران کی بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کی سرگرمیاں خطے میں اسلحے کے حصول کی دوڑ کا ذریعہ بنیں گی۔ خیال رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ تہران جلد ہی دو مصنوعی سیارے خلاء میں بھیجنے کی تیاری کررہا ہے۔
امریکا نے بھی ایران کی میزائل تیاری کی سرگرمیوں اور خلائی تحقیقات کی آڑ میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔