سکھر (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کوئی فساد پھیلانے سندھ میں آئے گا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ہم نے شرپسندوں کا مقابلہ کیا، چھوٹے موٹے فسادی کچھ نہيں کر سکيں گے۔
سکھر میں میڈيا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں کسی کے آنے پر پابندی نہيں لگا رہے ، جو آرہے تھے وہ خود آتے آتے رک گئے، پورا ملک وزیراعظم کا ہے، جہاں چاہیں آئیں جائیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جب تک پارٹی قیادت اور عوام چاہیں گے، سندھ حکومت قائم رہے گی اور میں وزیراعلیٰ رہوں گا، ای سی ایل میں نام ہونے پر مجھے کوئی فکر اور پرواہ نہیں، ہمیں عدالتوں پر پورا یقین ہے کہ ریلیف ملے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ لوگ مجھے سرکاری دورے پر جانے سے نہیں روک سکتے اور میرا فی الحال کہیں جانے کا کوئی ارادہ بھی نہیں، البتہ حج اور کربلا سے بلاوا آیا تو مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کسی کی بھی سندھ کے خلاف سازشیں کامیاب نہیں ہو سکتیں، اپوزیشن کا اکٹھا ہونا یا اتحاد بنانا پارٹی قیادت کا فیصلہ ہوتا ہے، ملک اور خاص کر سندھ کے عوام آصف زرداری پر یقین رکھتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے ایک سوال پر کہا کہ فوجی عدالتوں کے حوالے سے پارٹی مؤقف سامنے آچکا ہے، سندھ حکومت نے پولیس اور فوج کی مدد سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے۔