تہران کے نزدیک واقع ہوائی اڈے پر مال بردار طیارہ گر کر تباہ، 15 افراد ہلاک

Plane Crashed

Plane Crashed

تہران (جیوڈیسک) ایران کے دارالحکومت تہران کے مغرب میں ایک مال بردار بوئنگ 707طیارہ خراب موسم کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں اس میں سوار سولہ میں سے پندرہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی فارس کے مطابق طیارے میں سوار ایک فلائٹ انجنئیر زندہ بچ گیا ہے اور اس کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فوج کا یہ مال بردار طیارہ وسطی صوبے البرز میں قراج کے نزدیک فتح کے ہوائی اڈے کی حدود میں گر کر تباہ ہوا ہے۔

ایرانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ مال بردار طیارے بوئنگ 707 میں گوشت لدا ہوا تھا اور وہ کرغیزستان کے دارالحکومت بشکک سے آرہا تھا اور وہ فتح کے ہوائی اڈے پر ہنگامی طور پر اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا ہے‘‘۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’’ طیارہ لینڈنگ کے دوران میں رن وے سے پھسل گیا تھا اور یہ اس کے کونے پر ایک دیوار سے جاٹکرایا تھا اس کے فوری بعد اس میں آگ لگ گئی ‘‘۔

ایرانی فوج نے یہ بیان طیارے کی ملکیت کے حوالے سے کفیوژن پیدا ہونے کے بعد جاری کیا ہے ۔قبل ازیں ایران کی سول ایوی ایشن کے ترجمان نے سرکاری ٹی وی کو بتایا تھا کہ طیارہ کرغیزستان کا ملکیتی ہے جبکہ کر غیزستان کے مناس ہوائی اڈے کی خاتون ترجمان نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والا بدقسمت طیارہ ایران کی فضائی کمپنی پیام ائیر کا ملکیتی تھا۔