اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں اور پریشان ہوں، بچوں کی آنکھوں کے سامنے ان کے والدین کو گولیاں ماری گئیں۔
ساہیوال واقعے میں زندہ بچ جانے والے تین معصوم بچوں سے متعلق وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ان بچوں کی تمام تر ذمہ داری ریاست اٹھائے گی، کوئی بھی والدین اس طرح کی صورتحال کا سوچ کر صدمے میں مبتلا ہوجائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بہت اچھا کام کیا تاہم قانون کے سامنے سب جوابدہ ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جتنی جلدی ساہیوال واقعے کی جے آئی ٹی رپورٹ آئے گی اس پر فوری کارروائی کی جائے گی، شہریوں کی حفاظت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) اہلکاروں کی فائرنگ سے کار میں سوار خاتون، بچی اور دو افراد ہلاک ہوگئے تھے اور واقعے میں تین بچے زخمی بھی ہوئے۔