حب (جیوڈیسک) بیلا کراس کے قریب مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی اور تمام افراد کی لاشیں کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کر دی گئیں۔
گزشتہ روز بیلا کراس کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ اور آئل ٹینکر آپس میں ٹکرانے سے گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس سے 27 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو کراچی منتقل کیا گیا جن میں خواتین اور بچوں سمیت ٹرک ڈرائیور اور کلینر بھی شامل ہے جب کہ حادثے کے 4 زخمیوں کو سول اسپتال کراچی میں طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
جاں بحق تمام افراد لاشیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کردی گئی ہیں، جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت مسافر کوچ میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے کچھ افراد نے بروقت باہر نکل کر اپنی جانیں بچائیں جب کہ دیگر افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل کا کہنا ہے کہ مسافر بس میں آگ لگنے کے باعث جھلس کر جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
شبیر مینگل نے کہا کہ بس سے نکلنے کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 4 شدید زخمیوں کو بیلہ اسپتال سے کراچی روانہ کر دیا گیا۔