ماسکو (جیوڈیسک) روس کے ایک مسافر طیارے کو مبینہ طور پر اندرون ملک پرواز کے دوران میں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اس طیارے کو ایک مسافر کے راستہ تبدیل کرنے کے مطالبے پر سائبریا میں ہنگامی طور پر اتار لیا گیا ہے۔
روس کی انسداد دہشت گردی کمیٹی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ فضائی کمپنی ایرو فلاٹ کا طیارہ منگل کے روز مغربی سائبیریا میں واقع شہر سرگٹ سے دارالحکومت ماسکو جارہا تھا۔اس میں سوار ایک مسافر نے اس کا راستہ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس کے بعد طیارے کے کمانڈر نے اس کو ماسکو سے 2700 کلومیٹر دور واقع شہرخانتی مینسیسک میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔ اب تحقیقات کار اس واقعے کا جائزہ لینے کی کوشش کررہے ہیں۔کمیٹی نے واقعے کی مزید وضاحت نہیں کی ہے۔
روس کی خبررساں ایجنسی انٹر فیکس نے ایوی ایشن ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک شخص نے طیارے کا رُخ افغانستان کی جانب موڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعض اطلاعات کے مطابق اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے لیکن بعض ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ شخص ہنگامی لینڈنگ کے بعد بھی طیارے کے اندر ہی موجود تھا۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا وہ شخص مسلح تھا۔حکام نے اس واقعے کے بعد خانتی منسیسک کے ہوائی اڈے تک رسائی منقطع کر دی ہے۔