ریسکیو 1122 ۔۔۔ لاجواب سروس

Rescue 1122 Birthday

Rescue 1122 Birthday

تحریر : ڈاکٹر شجاع اختر اعوان

حکومت پنجاب کی طرف سے 2005 میں جب پنجاب ایمرجنسی سروس 1122 کا قیام عمل میں لایا گیا۔ تو دیگر سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے کوئی شخص وثوق سے نہیں کہہ سکتا تھا کہ یہ ادارہ خدمت کی تاریخ رقم کرتے ہوئے بے پناہ کامیابیاں حاصل کرکے عوام کا اس قدر اعتماد حاصل کرے گا ۔ اس وقت کے وزیر اعلی پنجاب اور موجودہ سپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے ہاتھوں کا لگایا ہوا یہ پودا آج شجر سائیہ دار بن چکا ہے۔ جو کہ دکھی انسانیت کے سکھ کا باعث بنتے ہوئے انہیں آسانیاں فراہم کر رہا ہے۔ اس کی خدمات معاشرے کے تمام طبقات کے لیے بلا امتیاز ہیں۔ اس ادارے نے وطن کی خدمت کا حق صحیح معنوںمیں اداکیا ہے۔ اور اللہ کے فضل و کرم سے اس کا دائرہ کار صوبہ پنجاب کے دور افتادہ اضلاع کی پسماندہ تحصیلوں تک پھیل چکا ہے۔ اور خصوصا ایسے علاقوں میں جہاں صحت کا بنیادی ڈھانچہ بھی ناپید ہے یہ ادارہ ایمرجنسی خدمات بخوبی انجام دے رہا ہے۔

ضلع اٹک کا شمار بھی پنجاب کے ایسے ہی اضلاع میں ہوتا تھا جس کی پسماندگی اور محرومیوں کی مثالیں ملک بھر میں عام تھیں مگر ترقی کا ایک ایسا سنہرا دور آیا کہ اس وقت کے وزیر اعلی پنجاب اور ضلع ناظم میجر (ر) طاہر صادق کی وساطت سے یہ ضلع ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ اٹک میں 1122 پنجاب ایمرجنسی سروس کا آغاز بھی اسی سنہرے دور کا ایک حصہ ہے جس کا باقاعدہ قیام 2005میں عمل میں لایا گیا جو اب ضلع کی دیگر تحصیلوں تک بھی وسعت اختیار کر چکا ہے۔ گزشتہ روز ضلعی صدر مقام اٹک شہر میں 1122 کی تیرھویں سالگرہ کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقا د کیا گیا جس میں بطور خاص ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اسد علوی نے شرکت کی۔

ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میاں محمد اشفاق ، معروف کاروباری و سماجی شخصیت ممبر سارک چیمبر آف کامرس محمد طارق نے ان کا بھر پور استقبال کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رانا عشرت اللہ خان نیازی نے ادارہ کی کارکردگی کو سراہا اور جوانوں کے جذبہ خدمت کی تعریف کی۔ انہوں نے ادارہ کے ملازمین اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے ہمراہ ادارے کی تیرھوین سالگرہ کا کیک بھی کاٹا چیئرمین پریس کلب اٹک ندیم رضا خان ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محسن اشرف نے خصوصی دعوت پر اس پروگرام میں شرکت کی اور1122 کی مثالی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی حالات ، قدرتی آفات اور حادثات میں اس ادارہ نے بے پناہ خدمات انجام دیتے ہوئے عوام کو بروقت طبی سہولیات فراہم کیں۔ اور حادثات کی صورت میں بر وقت طبی امداد کی فراہمی پر ہزاروں انسانی جانیں بچائی گئیں۔

ریسکیو1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاںمحمد اشفاق نے سال 2018 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران 1122 اٹک کو دو لاکھ چورانے ہزار سات سو ننانوے کالز موصول ہوئیں جن میں سے تیرہ ہزار چار سو چھبیس ایمرجنسی کالز تھیں۔ چوبیس سو سیتیس روڈ ٹریفک حادثات ، نو ہزار نوے میڈیکل ایمرجنسی ۔ ایک سے چھیانوے آگ کے واقعات۔ ایک سو چوراسی کرائم واقعات۔ تینتالیس ڈوبنے کے واقعات اور چودہ سو چھہتر مختلف نوعیت کی ایمرجنسی تھی ۔ ریسکیو 1122 اٹک نے بر وقت جائے حادثہ پر پہنچنے کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہر ایمرجنسی پر اوسطا پانچ منٹ چھتیس سیکنڈ میں رسپانس دیا ۔ ریسکیو 1122 اٹک نے کل چودہ ہزار چار سو پینتیس مریضوں کو ریسکیو کیا جن میں سترہ سو بتیس مریضوں کو موقع پر طبی امداد دے کر ہسپتالوں میںمنتقل کیا۔ جس میں سے ایک سو اڑتیس مریض جانبحق ہوئے ۔

مریض ٹرانسفر سروس میں ریسکیو 1122 اٹک نے کل چار ہزار نو سو سترہ مریضوں کو راولپنڈی کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں شفٹ کیا۔ کمیونٹی سیفٹی ونگ میں ریسکیوکے اہلکاروں نے ضلع اٹک کی چھیاسٹھ یونین کونسلز میں فرسٹ ایڈ کی تربیت کروائی جن میں دوہزار چار سوچھیاسی افراد نے حصہ لیا۔ ریسکیو1122 اٹک نے ضلع بھر کے سو سے زائد سکولوںمیں سیفٹی پروگرام کا انعقاد کیا۔ ریسکیو1122 کے اہلکار ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ پنجاب ایمرجنسی سروس کا قیام چوہدری پرویز الہی کا وہ کارنامہ ہے جسے صوبہ کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ہمیں یقین ہے چوہدری پرویز الہی بطور سپیکر پنجاب حکومت ہونے کے ناطے اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے 1122 کے ملازمین و افسران کو مراعات و سہولیات کی فراہمی کے لیے بھر پور اقدامات اٹھائیں گے۔ تاکہ اس ادارہ سے منسلک افراد اپنی خدمات مزید محنت ، دلجمعی اور جذبہ کے ساتھ انجام دے سکیں۔

Dr. Shujah Akhtar Awan

Dr. Shujah Akhtar Awan

تحریر : ڈاکٹر شجاع اختر اعوان
37101-1774390-5
0312-2878330