وینزویلا (جیوڈیسک) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وینزویلا میں جاری سیاسی بحران کا قصور وار ٹھہرایا ہے۔
مادورو نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے کولمبیا کی حکومت اور مافیا کو ان کے قتل کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ وینزویلا میں حزب اختلاف اور حزب اقتدار کی طرف سے 23 جنوری بروز بدھ نکالے گئے جلوس ملک اور علاقے کے حوالے سے اہم پیش رفتوں کا سبب بنے تھے۔
ملک کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ہوان گوآئیڈو نے حزب اختلاف کے جلوس میں خود کو عبوری حکومت کا صدر اعلان کیا اور امریکہ، آسٹریلیا، کینیڈا، کولمبیا، پیرو، ایکواڈور، پیراگوئے، برازیل، چلی، پاناما، ارجنٹائن، کوسٹا ریکا اور گوئٹے مالا جیسے ممالک نے ان کی صدارت کو تسلیم کر لیا تھا۔
جبکہ میکسیکو، ترکی، روس، کیوبا، چین اور بولیویا نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حکومت کے ساتھ تعاون کا اظہار کیا تھا۔
ان حالات کے بعد مادورو نے امریکہ کے ساتھ سفارتی و سیاسی تعلقات منقطع کرنے لیکن تجارتی تعلقات جاری رہنے کا اعلان کیا تھا۔