نیو یارک (جیوڈیسک) قطب شمالی سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے امریکا کے شمالی علاقوں کا درجہ حرارت خطرناک حد تک گر گیا ہے۔ متعدد علاقوں میں کاروبار زندگی معطل ہے جبکہ مزید تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکا کی کئی ریاستوں اور شہروں کو اس وقت منجمد کر دینے اور ریکارڈ حد تک منفی درجہ حرارت والی سردی کا سامنا ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق شکاگو میں آج جمعرات اکتیس جنوری کو درجہ حرارت منفی بتیس ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے تک گر جائے گا اور یوں بیس جنوری انیس سو پچاسی کو وہاں پڑنے والی زیادہ سے زیادہ سردی کا گزشتہ ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے گا۔
شکاگو سمیت ملک کے متعدد شمالی علاقوں میں بھی بدھ اور جمعرات کو تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔ پولیس نے عام شہریوں کو سڑکوں اور ہائی ویز پر حادثات کے خلاف خبردار کیا ہے۔ ریاست مشیگن میں تمام سرکاری دفاتر آج جمعرات کو بند رہیں گے۔
شکاگو سے ایک ہزار سے زائد مسافر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس سے قبل ’ایم ٹریک‘ نامی ریلوے کمپنی نے بھی بدھ کے روز شکاگو سے چلنے والی اور کئی دیگر شہروں سے آنے والی تمام ٹرینیں بھی منسوخ کر دی تھیں۔
نیو یارک، نیو جرسی، پینسلوینیا اور ورجینیا کی ریاستوں کے گورنروں نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ نیو یارک کے گورنر انڈریو کواومو کے مطابق قدرت بعض اوقات ناقابل پیشگوئی ہوتی ہے۔
امریکا کے چند دیگر علاقوں میں تو درجہ حرارت منفی چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اندازہ ہے کہ آج ہی سے مجموعی طور پر درجہ حرارت تھوڑا سا بڑھنا بھی شروع ہو جائے گا۔
امریکی ریاستوں مشیگن، آئیووا، انڈیانا، ایلینوئے، وسکونسن اور مِنیسوٹا میں شدید سردی کے نتیجے میں ہفتے کے دن سے اب تک کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس دوران متعدد شہریوں کو شدید برف باری کی زد میں آئے ہوئے علاقوں میں امدادی کارکنوں نے بروقت بچا بھی لیا۔
انتہا کی سردی کی لپیٹ میں آئی ہوئی کئی امریکی ریاستوں میں بہت سے ہنگامی امدادی مراکز بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔