نواز شریف اور آصف زرداری نے لندن یا جیل میں دن گزارنے ہیں: فواد چوہدری

Fawad Chaudhary

Fawad Chaudhary

لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے لندن یا جیل میں دن گزارنے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اضافی گیس بل پر انکوائری کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا پہلا مرحلہ کل سے شروع ہو رہا ہے اور ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 7 سے 9 لاکھ روپے کا علاج مفت ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر وزیر اعظم نے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، محکمہ پولیس میں بہت بڑے ریفارمز لائےجا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے کوئی تحفظات نہیں ہیں، کوئی بھی اختلاف سنجیدہ نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز نے فیصلہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے جیل میں دن گزارنے ہیں یا تو پھر لندن میں گزارنے ہیں، آپ اتنا عرصہ اقتدار میں رہے لیکن آخر میں کہیں کہ ہمیں لندن بھیج دیں، یہ عمل باعث شرم ہے، زرداری صاحب کے کارنامے اتنے بڑے ہیں کہ اب ان کی مدد کوئی نہیں کرسکتا۔

فواد چوہدری سے صحافی نے سوال کیا کہ نوازشریف کو سلیوٹ کرنے پر پولیس اہلکار کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں؟ جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اتنے چھوٹے دل کے لوگ نہیں‘۔