کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق حکومت نے دسمبر 2018 میں مقامی ذرائع سے 2 سو 12 ارب روپے کا قرضہ لیا۔
اسٹیٹ بینک نے حکومتی قرضوں کے حجم کی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق حکومت نے دسمبر 2018 میں مقامی ذرائع سے 212 ارب روپے کا قرضہ لیا ہے۔
مرکزی بینک نے اعلامیے میں بتایا کہ حکومت نے دسمبر 2018 میں 28 ارب کے بیرونی قرضوں کی واپسی کی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت کے قرضوں کا حجم 26 ہزار 636 ارب روپے ہو گیا ہے جس میں مقامی قرضوں کا حجم 17 ہزار 5 سو 35 ارب روپے جب کہ بیرونی قرضوں کا حجم 9 ہزار ایک سو ایک ارب روپے ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اقتصادی امور ڈویژن نے اعلامیے میں بتایا تھا کہ حکومت نے دسمبر میں 42 کروڑ 26 لاکھ ڈالرز کا قرض لیا تھا جب کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ 6 ماہ میں 2 ارب 31 کروڑ ڈالرز کا غیر ملکی قرض لیا۔