اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ایسی شرائط پر آگے بڑھے جن سے عوام پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔
متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورہ متحدہ عرب امارات میں ہماری آئی ایم ایف کے سربراہ کے ساتھ میٹنگ ہوگی اور چاہتے ہیں کہ ایسی شرائط طے ہوں جن سے عوام پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور اعلیٰ قیادت سے ملاقات بھی ہوگی، وزیراعظم پاکستان کانفرنس میں بطور کلیدی اسپیکر اظہار خیال کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے خطے اور بالخصوص پاکستان کو گورننس کی بے حد ضرورت ہے، ہمارے بہت سے مسائل نے بُری گورننس کی وجہ سے جنم لیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ اداروں کی پرفارمنس بہتر بنانے کا ماڈل لا سکیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ایک وفد ‘ورلڈ گورنمنٹ سمٹ’ میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہوا ہے۔
دبئی میں منعقد حکومتوں کے بارے میں عالمی سربراہ اجلاس 3 روز تک جاری رہے گا جس میں 140 ممالک سے 4,000 سے زائد ممتاز شخصیات شریک ہیں، اجلاس میں سربراہان مملکت اور 30 بین الاقوامی تنظیموں کے اعلی حکام بھی شرکت کر رہے ہیں۔