شاہ سلمان کے روبرو مختلف ممالک میں مقرر کردہ نئے سعودی سفراء کی حلف برداری

Shah Salman

Shah Salman

الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے مختلف ممالک میں نئے مقرر کردہ سفیروں نے یمامہ محل ،الریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے روبرو اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا ہے۔

ان میں سوئٹزر لینڈ میں نئے مقرر کیے گئے سعودی سفیر شہزادہ منصور بن ناصر بن عبدالعزیز ، جرمنی میں نئے سفیر شہزادہ فیصل بن فرحان اور العربیہ کے سابق جنرل مینجر ترکی الدخیل شامل ہیں۔ انھیں متحدہ عرب امارات میں سعودی عرب کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

سعودی عرب نے مختلف مغربی ، افریقی اور ایشیائی ممالک میں اپنے نئے سفیر کیے ہیں۔ حلف اٹھانے والے ان نئے سفراء میں سینی گال میں فہد بن علی الدوسری ، ویت نا م میں سعودی سفیر سعود بن فہد بن سویلم ، برازیل میں سفیر علی بن عبداللہ البہیثم ، کو ٹ ڈی آئیور میں سفیر عبداللہ بن حمد السباعی ، گھانا میں مشعل بن ہمدان الروقی ، ایتھوپیا میں سامی بن جمیل عبدالسلام عبداللہ ، جمہوریہ مالی میں خالد بن مبروک الخالد ، جیبوتی میں عبدالعزیز بن عبداللہ المعطر ، زیمبیا میں اسامہ بن محمد کرناشی اور جاپان میں نئے سفیر نائف بن مرزوق الفہدی شامل ہیں۔

ان سفراء کی حلف برداری کی تقریب میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز ، وزیر مملکت مساعد بن محمد العیبان اور وزیر خارجہ ابراہیم بن عبدالعزیز العساف بھی موجود تھے۔