نیویارک (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کی فوج پر زور دیا ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر خوان گوئیدو کی جانب سے پیش کی گئی معافی کی پیش کش کو قبول کر لے ورنہ “سراسر نقصان” کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔
پیر کے روز میامی میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ “میرا آج کا پیغام ہر اس عہدے دار کے لیے ہے جو صدر نکولس میڈورو کو اقتدار میں باقی رکھنے کے سلسلے میں معاونت کر رہا ہے۔ آج پوری دنیا کی نظریں آپ پر مرکوز ہیں اور رہیں گی”۔
ٹرمپ نے کہا کہ “آپ لوگ خود کو درپیش آپشن سے چھپ نہیں سکتے۔ خوان گوئیدو کی طرف سے معافی یا پھر ہر چیز سے ہاتھ دھو ڈالنا”۔
وینزویلا میں اپوزیشن کے زیر کنٹرول پارلیمنٹ کے اسپیکر گوئیدو نے گزشہ ماہ خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دینے کا اعلان کیا تھا۔ انہیں پچاس کے قریب ممالک نے عبوری صدر تسلیم کر لیا ہے۔
وینزویلا کو اس وقت شدید اقتصادی بحران کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو غربت کے علاوہ خوراک اور ادویات جیسی بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قلت کا سامنا ہے۔
تاہم دوسری جانب نکولس میڈورو ملک میں ہنگامی انسانی صورت حال کی تردید کرتے ہیں۔ وہ وینزویلا میں خوراک کی کمی کا ذمے دار امریکی پابندیوں کو ٹھہراتے ہیں۔ کراکس حکومت کے مطابق یہ پابندیاں وینزویلا کی معیشت کو سالانہ 30 ارب ڈالر سے محروم کر رہی ہیں۔