بھارت نے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کرا دیا

Dr. Faisal

Dr. Faisal

اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کرا دیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے ٹوئٹر انتظامیہ سے ڈاکٹر فیصل کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ کو معطل کرنے کی شکایت کی جو بظاہر کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے پر معلوم ہوتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ترجمان دفتر خارجہ کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ اس وقت معطل کیا گیا جب وہ جرمنی کے شہر دی ہیگ میں ہیں جہاں عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کیس کی سماعت ہورہی ہے۔

ذارئع کے مطابق ڈاکٹر فیصل اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھارتی جاسوس کلبھوشن کیس کے بارے میں پل پل کی خبر دے رہے تھے۔

دو ہفتے قبل بھی ڈاکٹر محمد فیصل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر حملہ کیا گیا تھا جب کہ بھارتی ہیکرز نے دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر بھی سائبر حملہ کیا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔