بھارتی طیاروں کی دراندازی کی کوشش، پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی

Indian Air Force Weapons

Indian Air Force Weapons

اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارتی ایئر فورس کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہو گئے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور بھارتی طیارے اپنے نصب ہتھیار بالاکوٹ کے قریب گرا کر فرار ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی دراندازی کے واقعے میں کوئی جانی یامالی نقصان نہیں ہوا تاہم پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی طیاروں کی جانب سے کھلے علاقوں میں گرائے گئے ہتھیاروں کی تصاویر بھی جاری کر دیں۔

پلوامہ حملے کے بعد 40 سے زائد بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت اور میڈیا بدحواس ہوچکا ہے اور پڑوسی ملک سے مسلسل پاکستان کو سبق سکھانے، سفارتی سطح پر تنہا کرنے اور جنگ کرنے جیسی آوازیں آرہی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ملک کو درپیش خطرات اور بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت پر جوابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔