لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے بھارتی طیاروں کی دراندازی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیراعظم ان دنوں کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں جہاں وہ العزیزیہ ریفرنس میں اپنی سزا پوری کر رہے ہیں۔
مریم نواز کا سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آج نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات ہوئی اور انہوں نے بھارتی طیاروں کی دراندازی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ایل او سی پر بھارتی طیاروں کی دراندازی کی پرزور مذمت کی ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’اللّہ وطن عزیز کی حفاظت فرمائے اور پاکستان پر کبھی کوئی آنچ نہ آئے‘۔
دوسری ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اللہ کی بڑی نعمت ہے، اللہ ہمارے پاکستان کی حفاظت کرے، پاکستان زندہ باد۔
واضح رہے کہ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی گئی جسے پاک فضائیہ نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔