پاکستان آج گرفتار بھارتی پائلٹ ابھینندن کو رہا کرے گا

Abhi Anand

Abhi Anand

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھینندن کو آج رہا کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق گرفتار بھارتی پائلٹ کو آج سہہ پہر واہگہ بارڈر پر بھارتی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

بھارتی ہائی کمیشن کے ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے پائلٹ کی سفری دستاویزات مکمل کرلیں اور وہ دفتر خارجہ سے جواب کے منتظر ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا جارہا ہے، پاکستان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے، افواج پاکستان اور قوم،وطن کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا جائے گا۔

پائلٹ کی رہائی کااعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے بھارت کو یہ بھی پیغام بھی دیا کہ پاکستان کی جانب بڑھنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔

بدھ کے روز پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے والے بھارتی مگ 21 بائسن طیارے کو مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاکستانی فورس نے گرفتار کر لیا تھا۔