لاہور (جیوڈیسک) بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا جسے اب سے کچھ دیر بعد انڈین حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
بھارتی پائلٹ کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا ہے، جہاں ملکی و غیر ملکی میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئر اتاشی گروپ کیپٹن جے ٹی کرین ابھی نندن کے سفری دستاویزات لے کر لاہور روانہ ہوگئے جو اسے بھارت چھوڑنے جائیں گے۔
یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات نے بھارتی پائلٹ رہا کرنے کے پاکستان کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، یورپی کونسل کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی پاکستان کی جانب سے اچھا شگون ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے یہ ہی موقع ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا جائے گا۔
پائلٹ کی رہائی کااعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے بھارت کو یہ بھی پیغام بھی دیا کہ پاکستان کی جانب بڑھنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔
بدھ کے روز پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے والے بھارتی مگ 21 بائسن طیارے کو مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاک فوج کے جوانوں نے مشتعل ہجوم سے بچایا اور اپنی تحویل میں لیا تھا۔