اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی علاقے بالاکوٹ پر مبینہ فضائی حملہ کے تناظر میں پاکستانی فضائیہ کی جانب سے جوابی کارروائی کے دوران فضائی معرکے کے بعد گرفتار ہونے والے بھارتی ونگ کمانڈر کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
آج یکم مارچ جمعے کی شب واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھمان کو رہا کر کے بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاکستانی علاقے بالاکوٹ پر بھارت کے مبینہ حملے کے بعد کی گئی پاکستانی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گرفتار بھارتی پائلٹ کو امن کی خاطر رہا کر نے کا اعلان کیا تھا۔ اسلام آباد حکومت نے بھارتی پائلٹ کو ’خیر سگالی‘ کی بنیاد پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف بی کے مطابق واہگہ بارڈر کے بھارتی حصے میں پائلٹ ابھی نندن کا خیرمقدم کرنے کے لیے جذبہ حب الوطنی سے سرشار بھارتی شہریوں کی ایک بڑی تعداد صبح سویرے سے موجود رہی۔ تاہم ابھی نندن کی رہائی میں تاخیر کی وجہ سے بھارتی شہریوں کی تعداد میں کمی ہوتی رہی۔ دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے ابھی نندن کی رہائی میں تاخیر کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں چھبیس فروری کی صبح بھارت کے جنگی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو کر پاکستان کے علاقے جبہ میں بارودی مواد گرایا تھا۔ پاکستان کے مطابق اس کے طیاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں کو ملکی حدود سے باہر جانے پر مجبور کر دیا تھا۔ دوسری جانب بھارت نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کے جنگی طیاروں نے پاکستان میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملہ کرتے ہوئے اس تنظیم کے سینکڑوں ارکان کو ہلاک کر دیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بھارت کے دو جنگی طیاروں کو مار گرایا ہے اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔