آئی سی سی اجلاس میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی، دونوں درخواستیں مسترد

ICC

ICC

بھارت (جیوڈیسک) دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اجلاس ختم ہوگیا، کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی نے بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے تمام رکن ممالک کو سیکورٹی کی بھرپور یقین دہانی کرا دی۔

آئی سی سی اجلاس میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی اور آئی سی سی نے اس کی دونوں درخواستیں مسترد کردیں۔

بھارت نے کرکٹ کی گورننگ باڈی کو پلوامہ واقعے کے بعد خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ دہشت گردی میں ملوث ممالک کو آئی سی سی ایونٹس میں شرکت سے روکا جائے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ اُس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اس لیے اس حوالے سے اجلاس میں بات ہی نہیں کی گئی۔

اس کے علاوہ ورلڈ کپ میں بھارت کی سیکورٹی بڑھانے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں شریک کسی ٹیم کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں۔

آئی سی سی کے مطابق اُس کے اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے پاس ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کیلئے جامع پلان موجود ہے۔