اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی الیکشن تک کشیدگی کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ان کی سیاسی مجبوری ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھارت پر دباؤ ڈال رہی ہے مگر مودی الیکشن تک کشیدگی کو برقراررکھنا چاہتے ہیں، اس وقت بیان بازی نریندر مودی کی سیاسی مجبوری ہے لیکن ہمیں پہرہ دینا ہوگا کہ یہ بیان بازی کے علاوہ کوئی اور حرکت نہ کریں، اگر بھارت نے کشیدگی بڑھائی یا ایسا کوئی اقدام کیا تو وہ عالمی سطح پر بھی اپنی حمایت کھو دے گا، بھارت کو جارحیت کا سفارتی سطح پر نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں اور سعودی وزیر مملکت خارجہ کے ساتھ تحریری طور پر شیئر کیے ہیں، پاکستان کے اقدامات پر سعودی وزیر مطمئن نظر آئے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈوزیئر پر پیش رفت جاری ہے، اس حوالے سے پیشرفت مکمل ہونے پر کچھ بتا سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ 2014 کے نیشنل ایکشن پلان میں ہوچکا تھا لیکن اس وقت کی حکومت نے اقدامات نہیں اٹھائے مگر اب تحریک انصاف کی حکومت اسے عملی جامہ پہنا رہی ہے۔