آنے والے دنوں میں امتحان آنے ہیں، پراعتماد طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں: وزیر خارجہ

 Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

ملتان (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم ہمیں سفارتی طور پر کمزور کرنا چاہتا ہے، آنے والے دنوں میں امتحان آنے ہیں تاہم ہم پراعتمام طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ابھی امتحان جاری ہے اور امتحان ختم نہیں ہوا، بھارت سارک کو یرغمال بنا چکا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل ہوا اور معاشی اعتبار سے پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کی کرن نظر آ رہی ہے اور ناامیدی میں امید کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے، پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ ہمیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمشیہ کہا کہ افغان مسئلہ مذاکرات سے حل ہوگا اور ان کے اس بیان پر انہیں طالبان خان کا طعنہ دیا گیا تاہم آج عمران خان کے مؤقف کو تسلیم کیا گیا، آج امریکا، افغانستان دوحا میں مذاکرات کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب اور عرب امارات نے سالوں بعد پاکستان میں توجہ دینی شروع کی اور اربوں ڈالرز کے منصوبوں کے معاہدے کیے جب کہ حالیہ مسائل میں سعودی عرب نے کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، سعودی عرب ہمارا دوست اور محسن ملک ہے، مشرقی وسطی سے بے شمار پاکستانی روزگار حاصل کرتے ہیں اور ہماری معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہتر ہونا پاکستان کے مفاد میں ہے، صدر ٹرمپ نے بھی امن میں ہماری کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔