لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز کے مطالبے پر جیل میں ہیلتھ یونٹ قائم کر دیا ہے۔ ہیلتھ یونٹ میں تین کارڈیالوجسٹ مرحلہ وار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے دوبارہ نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دو کارڈیالوجسٹ نے سابق وزیراعظم کاچیک اپ کیا۔ ڈاکٹرز کی تجویز پر پنجاب حکومت نے جیل میں نواز شریف کو ایکسر سائز سائیکل فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر ندیم ملک اور پروفیسر ثاقب شفیع نے کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا چیک اپ کیا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے مریم نواز کے مطالبے پر جیل میں ہیلتھ یونٹ بھی قائم کر دیا ہے۔ ڈاکٹر نے نوازشریف کے چیک اپ کے بعد کچھ ادویات میں تبدیلی تجویز کر دی ہے۔
نواز شریف اپنے ذاتی معالج سے مشورے کے بعد ڈاکٹرز کی تجویز پر عمل کریں گے۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو جیل میں ایکسر سائز سائیکل فراہم کرنے کی تجویز دیدی ہے۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان شہباز گل کا کہنا ہے کہ جیل میں قائم ہیلتھ یونٹ میں تین کارڈیالوجسٹ مرحلہ وار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ حکومت پنجاب نواز شریف کے علاج کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔