کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 30 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61 رنز سے شکست دیدی۔
نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 137 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
کامران اکمل نے پاکستان میں اپنے 100 ویں انٹرنیشنل میچ کو یادگار بناتے ہوئے 86 رنز کی اننگز کھیلی۔
امام الحق نے بھی 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ کیرون پولارڈ اور صہیب مقصود نے 12، 12 اور وہاب ریاض نے 11 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے تین اور کولن منرو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا لیکن منرو پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ بابراعظم بھی 13 رنز ہی بنا سکے۔
کولن انگرام نے 71 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سہارا دیا جب کہ عماد وسیم نے بھی 30 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ کراچی کا کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پشاور کی جانب سے حسن علی نے 3 جب کہ وہاب ریاض، تائمل ملز اور ثمین گل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دونوں ٹیمیں پی ایس ایل پلے فور مرحلے کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں جب کہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز ٹورمنٹ سے آؤٹ ہو چکے ہیں۔