فلم ’’جنونِ عشق‘‘ پاکستان کے 100 سے زائد سنیماؤں میں ریلیز کی جائے گی

Junoon

Junoon

ممبئی (جیوڈیسک) رومانوی کہانی پر مبنی فلم ’جنونِ عشق‘ پاکستان کے 100 سے زائد سنیماؤں میں ریلیز کی جائے گی۔

پاکستان فلم انڈسٹری طویل عرصے کے بعد ایک بار پھر کامیابی کے سفر چل پڑی ہے اور ایک کے بعد ایک مختلف موضوعات پر مبنی فلمیں ریلیز کی جا رہی ہیں جو فلم بینوں کے معیار پر بھی پوری اتر رہی ہیں اور اب رومانوی کہانی پر مبنی فلم ’جنونِ عشق‘ بھی اگلے ماہ سنیما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے جس میں دو نئے چہرے عدنان خان اور ماہی خان کے ساتھ معروف اداکار مصطفیٰ قریشی کے بیٹے عامر قریشی بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

فلم کی عکسبندی پاکستان کے خوبصورت ترین مقامات ناران اور کاغان اور باقی بینکاک اور برطانیہ میں کی گئی ہے جب کہ فلم میں راحت فتح علی خان کی آواز میں گائے ہوئے کچھ گیت بھی شامل کئے گئے ہیں۔

30 سے زائد فلموں میں ہدایت کاری کے فرائض انجام دینے والے نسیم حیدر شاہ نے اپنی فلم ’جنونِ عشق‘ کے حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم کو پاکستان بھر میں سو سے زائد سنیماؤں میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں تمام سنیما مالکان کو تفصیلات بھی مہیا کردی گئی ہیں جب کہ لاہور کے کئی سنیما فلم کی ریلیز کی تیاری میں مصروف عمل ہیں۔

نسیم حیدر شاہ نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ تمام پاکستانیوں نے مشترکہ طور پر بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کی حمایت کی ہے اور اب مجھے اُمید ہے کہ ہماری فلمیں کامیابی حاصل کریں گی۔

واضح رہے کہ اصغر علی کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’جنونِ عشق‘ اگلے ماہ 12 اپریل کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔