سعودی وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ عادل الجبیر کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات

Narendra Modi Meeting

Narendra Modi Meeting

الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے سوموار کے روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر برائے امورِ خارجہ سشما سوراج سے نئی دہلی میں الگ الگ ملاقات کی ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق انھوں نے ان دونوں ملاقاتوں میں سعودی عرب اور بھارت کے درمیان شاندار تعلقات کا جائزہ لیا ہے اور انھیں تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیر مملکت عادل الجبیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بھارت کے حالیہ دورے کے تسلسل ہی میں نئی دہلی کا یہ دورہ کیا ہے۔اس سے چند روز قبل انھوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا ۔

انھوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی ۔ ان سے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا اور انھیں پاکستان کے بھارت کے ساتھ تنازعات کے حل اور جاری دوطرفہ کشیدگی میں کمی کے لیے سعودی عرب کی جانب سے حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی۔