اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان، 100 انڈیکس کی 38900 کی نفسیاتی حد بحال

Pakistan Stock Exchange

Pakistan Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں محدود پیمانے پر تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی 38900 کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز تیزی کا رجحان رہا اور کئی روز سے جاری کاروباری مندی کا زور بدھ کے روز ٹوٹ گیا۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے دن بدھ کو کاروبار حصص میں اتارچڑھاﺅ کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی 38900 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔ لیکن اس تیزی کے باوجود 49.25 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی رہی البتہ کاروباری حجم گذشتہ روز منگل کی نسبت4.24 فیصد زائدرہا۔

کاروبار میں تیزی کے سبب مارکیٹسرمایہ میں 13 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد کااضافہ ہوا، بدھ کو متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر موصول ہونے کی اطلاعات کے بعد شیئرزمارکیٹ میں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاﺅسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ، فوڈز، توانائی، کیمکلز سیکٹر سمیت دیگر منافع بخش سیکٹر کی نچلی سطح پرآئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی گئی، جس کے نتیجے میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100 انڈیکس 39060 پوائنٹس کی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا، تاہم ملکی ناگفتہ بہ معاشی صورت حال کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور سرمایہ کاری سے گریز کیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس دوران ٹریڈ 38827 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا، تاہم غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ایک بار پھر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی گئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای100 انڈیکس کی 38900 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تاہم اتار چڑھاﺅ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 32.44 پوائنٹس اضافے سے 38928.93 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 15.84 پوائنٹس اضافے سے 18520.79 پوائنٹس، کے ایم آئی30 انڈیکس 35.32 پوائنٹس کمی سے 64333.60 پوائنٹس جب کہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 14.58 پوائنٹس اضافے سے 28527.10 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مجموعی طور پر 335 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے144کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 165کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جب کہ 26 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ بدھ کو مجموعی طور پر9 کروڑ 35 لاکھ 38ہزار720 شیئرزکا کاروبارہوا، جو منگل کی نسبت38 لاکھ 6 ہزار650 شیئرز زائدہیں۔

مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ13 کروڑ 31 لاکھ 3 ہزار 11 روپے بڑھ کر79 کھرب 76 ارب 2 کروڑ 39 لاکھ 93 ہزار 250 روپے ہوگیا۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے فلپس موریس پاک کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت170.25 روپے اضافے سے 3590.94 روپے اور آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 46.50 روپے اضافے سے 1735.00 روپے پر بند ہوئی۔

نمایاں کمی باٹاپاک کے حصص میں ریکارڈکی گئی، جس کے حصص کی قیمت89.76 روپے کمی سے 1705.44 روپے اور شیزان انٹرنیشنل کے حصص کی قیمت22.65 روپے کمی سے 441.00 روپے ہوگئی۔ بدھ کو بینک آف پنجاب کی سرگرمیاں 2 کروڑ 37 لاکھ 27 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں، جس کے شیئرز کی قیمت21 پیسے اضافے سے14.41 روپے اور کے الیکٹرک لمیٹڈ سرگرمیاں 80 لاکھ 68 ہزار 500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جس کے شیئرز کی قیمت2 پیسے اضافے سے6.00 روپے ہوگئی۔