12 ارب ڈالر کے قرض کیلیے پاکستان اور آئی ایم ایف میں حتمی مذاکرات رواں ماہ ہوں گے

IMF

IMF

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 12 ارب ڈالر کے قرض کے لیے حتمی مذاکرات رواں ماہ کے آخری ہفتے شروع ہوں گے۔

آئی ایم ایف سے 12 ارب ڈالر کے قرض کے لیے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، آئی ایم ایف کے نئے چیف مشن کے ساتھ حالیہ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد بھی جاری ہے جب کہ آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کو نیا پروگرام دینے کے لئے لچک دکھائی ہے اور اس کے تحفظات بھی کم ہوئے ہیں۔

12 ارب ڈالر کے پروگرام کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان حتمی مذاکرات رواں ماہ کے آخری ہفتے شروع ہوں گے، اس بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جائزہ مشن برائے پاکستان کے نئے سربراہ ارنیسٹو رامریز ریگو کی سربراہی میں وفد 26 مارچ کو پاکستان آئے گا۔ موجودہ سیکریٹری خزانہ عارف احمد اگلے ہفتے ریٹائر ہورہے ہیں ، اس لئے آئی ایم ایف جائزہ مشن سے تکنیکی سطع کے مذاکرات نئے تعینات ہونے والے سیکریٹری خزانہ کی سربراہی میں ہوں گے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ ماہ کے پہلے عشرے پروگرام فائنل ہونے کی توقع ہے۔