اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ پر پوری قوم سوگ میں ہے اور کل ملک بھر میں سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں ایک ہولناک واقع رونما ہوا جس کا ردعمل دنیا بھر میں آیا، واقعہ میں کُل 10 پاکستانی متاثرین ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ تمام متاثرہ خاندانوں سے رابطہ ہوگیا ہے، ایک پاکستانی شدید زخمی ہے جس کی حالت نازک ہے، ہمارے ڈپٹی ہائی کمشنر ان کی فیملی سے رابطے میں ہیں۔
کرائسٹ چرچ دہشتگردی: او آئی سی وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس 22 مارچ کو طلب
انہوں نے کہا کہ تین خاندانوں نے میتیں پاکستان لانے کی درخواست کی ہے جب کہ 6 پاکستانی شہدا کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی تدفین نیوزی لینڈ میں ہی کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اہلخانہ میتوں سے متعلق جو فیصلہ کریں گے اس کا احترام کریں گے، 6 میتوں کے کفن دفن کا انتظام کرائسٹ چرچ میں ہی ہو گا، 3 میتیں پاکستان لائی جائیں گی، اگر اہلخانہ نے فیصلے پر نظرثانی کی تو ہم تعاون کریں گے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ ان کے کیوی ہم منصب نے بتایا کے 4 افراد زیرحراست ہیں، لیکن نیوزی لینڈ کے حکام کی جانب سے ایک ہی شخص کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ کرنے والا دہشتگرد حال ہی میں نیوزی لینڈ واپس آیا تھا، دہشتگردی کے اس واقع سے پہلے اس نے ای میل بھی کی۔
نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر دہشتگرد حملہ، 49 افراد جاں بحق
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ نے بتایا کے میتوں کی شناخت کا عمل بہت مشکل تھا، کل سےمیتوں کی حوالگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کیوی حکام سے تمام تر تحقیقات سےآگاہ رکھنے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم سوگ میں ہے اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق کل تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ترک وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے او آئی سی کا اجلاس بلانے پر کی بات کی، او آئی سی کا وزراء خارجہ کا اجلاس 22 مارچ کو استنبول میں طلب کیا گیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں خود شرکت کرکے پاکستان کی نمائندگی کروں گا، میں آج رات چین روانہ جاؤں گا، چین نے حال ہی میں ہم سے ایک بار پھر دوستی کا ثبوت دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشت گرد حملوں میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی
انہوں نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مشاورت اور رہنمائی حاصل کرنے کے لیے تمام پارلیمانی رہنماؤں کو خط لکھ رہا ہوں، آج کی پریس کانفرنس کے بعد تمام پارلیمانی رہنماؤں کو خط لکھوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے آصف زرداری سے رابطہ کیا اور ان کی رائے حاصل کی، شہباز شریف سے بھی رابطہ ہوا، انہوں نے بھی مثبت جواب دیا، 28 مارچ کو پارلیمان میں بیٹھ کر سب کو اعتماد میں لیں گے۔