اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈائریکٹر اورنگی پائلٹ پروجیکٹ پروین رحمان کے قتل کی تحقیقات کیلئے قائم نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے شہریوں سے مدد طلب کر لی ہے۔
اعلامیے میں جے آئی ٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پروین رحمان کو جس مقام پر قتل کیا گیا وہ بہت مصروف مقام ہے، کسی بھی شہری کے پاس کوئی معلومات یا ثبوت ہوں تو رابطہ کریں۔ ایسے شخص کا نام مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق اگر کسی شخص کے پاس کوئی معلومات ہوں تو وہ fia.ctw.gov.pk@gmail یا ٹیلے فون نمبر 051-9261590 پر رابطہ کر سکتا ہے،
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے خواہشمند دفتر برائے ڈائریکٹوریٹ انسداد دہشتگردی ونگ، ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آسکتے ہیں یا پھر کراچی میں انسداد دہشتگردی ونگ کے دفتر رابطہ کرسکتے ہیں۔
پروین رحمان کو مارچ 2013 میں پیرآباد تھانے کی حدود میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔