امریکہ میں مسلم، عیسائی اور یہودی طبقے کا اسلامو فوبیا کے خلاف مشترکہ احتجاجی مظاہرہ

Protest

Protest

نیو یارک (جیوڈیسک) امریکی شہر نیو یارک کے ٹائمز اسکوائر میں یکجا ہونے والے مسلمان، عیسائی اور یہودی طبقوں پر مشتمل مظاہرین نے اسلامو فوبیا کے خلاف احتجاج کیا۔

نیو زی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں دہشت گرد حملے کے بعد مظاہرین اسلامو فوبیا کے خلاف اظہارِ یکجہتی کا پیغام دینے کے لیے یکجا ہوئے۔

اس مظاہرے میں شریک ٹرکش ۔ امریکن نیشنل اسٹیرنگ کمیٹی کے شریک چیئرمین خلیل مُتلو نے کہا کہ دنیا بھر میں کروڑوں انسانوں نے مسلم اُمہ کے دکھ و درد میں برابر کے شریک ہونے کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ مشترکہ آواز اور اظہارِ یکجہتی، نفرت و سفید فارم نسل پرستی کو مات دے دے گی۔

پادری رابرٹ جانسن نے نیو زی لینڈ میں پیش آنے والے اس المناک واقع پر دلی افسوس ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “ہم تمام تر مسلم بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں، چاہے کسی بھی دین و مذہب سے تعلق کیوں نہ ہو ، ہر طرح کی شدت غلط اور شیطانی ہے۔ ”

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے سامنے یکجا ہونے والے مسلم شہری تنظیموں کے ایک سو سے زائد مظاہرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی اسلامو فوبیا پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔