یوم پاکستان شوٹنگ بال ٹورنامنٹ راشد منہاس شہید الیون نے جیت لیا

Pakistan Day Shooting Ball Tournament

Pakistan Day Shooting Ball Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ڈسٹرکٹ کورنگی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پیس ایمبیسڈر ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک سے یوم قرارداد پاکستان کی شایان شان تقریب واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کمپلیکس کورنگی میں منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان سے محبت تجدید عہد اور پاک افواج سے اظہار یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کورنگی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے تحت شہدائے پاکستان کے نام سے منسوب ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو کہ ضلع کورنگی سمیت کراچی کے معروف شوٹنگ بال کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل راشد منہاس شہید الیون اور میجر راجہ عزیز بھٹی شہید الیون کے مابین کھیلا گیا، فائنل میچ راشد منہاس شہید الیون نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے جیت لیااور یوم پاکستان کی فاتح ٹرافی اپنے نام کر لی، دونوں ٹیموں نے فائنل میں شاندار کھیل پیش کیا اور شائقین شوٹنگ بال نے داد تحسین حاصل کی حسنین تبسم، محمد عارف، اعجاز احمد، افتخار زیدی، اسرار زیدی، رضوان احمد، محمد حسنین، محمد شمیم اور عبداللہ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

فائنل کے اختتام پر یوم پاکستان شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کی تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی SSP سندھ پولیس بشیر احمد بروہی نے سابق ایڈوائزر وزیراعلیٰ سندھ فرید انصاری اور پیس ایمبیسڈر ویلفیئر آرگنائزیشن کے روح رواں ورلڈرکارڈ ہولڈر اورنگزیب سلطان کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، مہمان خصوصی SSPسندھ پولیس بشیر احمد بروہی نے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی راشد منہاس شہید الیون کے کپتان حسنین تبسم کو اور رنر ٹرافی میجر راجہ عزیز بھٹی شہید الیون کے کپتان ملک ناصر کو پیش کی جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوراڈ اعجاز احمد کو دیا گیا ، اس موقع پر مہمان خصوصی SSP سندھ پولیس بشیر احمد بروہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کا ثمر ہے آج 23مارچ کا دن وطن عزیز کے لئے ایک تاریخ ساز اور تجدید عہد کا دن ہے انہوں نے کہاکہ آئیے آج ہم سب ملکر یہ عہد کریں کہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور دفاع وطن کے لئے اہم اپنی تمام تر کاوشوں اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ امن کے سفیر ہیں کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن اور سفیر امن پاکستان اورنگزیب سلطان مبارک باد کے مستحق ہیں SSP سندھ پولیس بشیر احمد بروہی نے کہاکہ شوٹنگ بال کھیل پولیس کا روائتی کھیل ہے اس کھیل کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کریں گے، اس موقع پر کھیلوں سماجی تعلیم اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔
جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر