کوئٹہ (جیوڈیسک) لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں 2 خودکش حملہ آوروں سمیت 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن رد الفساد کے تحت لورالائی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر کامیاب آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 2 خودکش حملہ آوروں سمیت 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاعات پر آپریشن آج (منگل) کی صبح کیا گیا، سیکیورٹی فورسز کے محاصرہ کرتے ہی دہشتگردوں نے فائرنگ کردی اور دستی بم پھینک کر فرار ہونے کی کوشش کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 خود کش حملہ آوروں سمیت چاروں دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی میں ملوث تھے، دہشتگردوں نے سنجاوی میں 6 لیویز اہلکاروں کو شہید کیا تھا جب کہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے ماطبق کارروائی میں اسلحہ، خودکش جیکٹس اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا جب کہ آپریشن کے دوران سنجاوی میں شہید لیویز اہلکاروں کے شناختی کارڈ بھی ملے، آپریشن کے دوران چار سیکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔