انجائنا کی تکلیف میں اضافہ: ڈاکٹرز کی نواز شریف کو مکمل آرام کی ہدایت

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کیا گیا۔ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ شریف میڈیکل سٹی میں ڈاکٹروں نے نواز شریف کی صحت کی موجودہ صورتحال، کیفیات اور علامات کا جائزہ لیا۔

نواز شریف کے طبی معائنے کے بعد میڈیسن، نیفرالوجی اور یورالوجی کے پروفیسرز نے مشاورت کی اور تفصیلی معائنے کے بعد سابق وزیراعظم کے ٹیسٹ کرانے پر مشاورت کی گئی۔

ڈاکٹرز نے نواز شریف کے انجائنا کے درد اور گردے کے کام کرنے میں خرابی پر تشویش کا اظہار کیا اور ان کے لیے ادویات تجویز کیں۔

نواز شریف کی انجائنا کے درد کی تکلیف بڑھنے کی وجہ سے ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف کے لیے مزید حکمت عملی ان ادویات کے اثرات دیکھنے بعد طے ہو گی۔

معالجین نواز شریف کا کل بھی شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کریں گے۔

واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لیے ضمانت پر رہا کیا ہے تاہم وہ اپنی ضمانت میں توسیع کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔