ملتان: پی پی 218 کے ضمنی انتخابات کا میدان تحریک انصاف نے مار لیا

PTI

PTI

ملتان (جیوڈیسک) ملتان کے نواحی علاقے قادر پور راں میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 کے ضمنی انتخاب کا میدان تحریک انصاف کے واصف مظہر راں نے مار لیا۔

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، 138 پولنگ اسٹیشنز میں سے 32 کو حساس قرار دیا گیا تھا جہاں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پاک فوج کے جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔

پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 کے تمام 138 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف کے واصف مظہر راں 46 ہزار 988 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے ارشد راں 39 ہزار486 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

ملتان کی عوام نے کرپشن کو مسترد کردیا، شاہ محمود قریشی
دوسری جانب ضمنی انتخاب کے نتیجے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ملک واصف راں ساڑھے 7 ہزار ووٹوں کی برتری سےجیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج چور کی چوری پکڑی گئی ہے اور ملتان کی عوام نے کرپشن کو مسترد کردیا ہے، پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ اور پی پی پہلی بار اکٹھے ہوئے لیکن انہیں شکست ہوئی۔

یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 218 کی نشست تحریک انصاف کے ملک مظہر عباس راں کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔