نسل پرستی اور نفرت کے بیانے کے خلاف عالم اسلام کے ساتھ ہیں: گوٹیرس

Antonio Guterres

Antonio Guterres

قاہرہ (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے مصر کے دورے کے دوران ملک کی سب سے بڑی دینی درس گاہ ‘جامعہ الازھر’ کے سربراہ الشیخ احمد الطیب سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کے بیانیے کے خلاف وہ عالم اسلام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

منگل کے روز جامعہ الازھرکے سربراہ الشیخ احمد الطیب سے ملاقات کے بعد انتونیو گوٹیرس نے نفرت، نسل پرستی اور سام دشمنی کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے وسط مارچ کو جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائیسٹ چرچ میں دو مساجد میں دہشت گردی کے نتیجے میں 50 نمازیوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

گوٹیرس کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں نفرت کا بیانیہ مرکزی حیثیت اختیار کرگیا ہےاور جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت پھیلانے والے سوشل میڈیا اور ریڈیو کا استعمال کرتے ہیں۔

انتونیو گوٹیرس کا کہنا تھا کہ نفرت، انتہا پسند، دہشت گردی اور نسل پرستی کے خلاف ہمیں ایک دوسرے کے شانہ بہ شانہ چلناہوگا۔ مذہب کو جواز بنا کر مخالف مذہب کے پیروکاروں پرحملے ناقابل قبول ہیں۔ انسانی جان کی تکریم اور بین الاقوامی انسانی حقوق ہم سب کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔