ممبئی (جیوڈیسک) نامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر نک جونز نے ان دونوں کے درمیان طلاق کی غلط خبر دینے پر امریکی میگزین کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چندروز قبل امریکی میگزین اوکے کی جانب سے اداکارہ پریانکا چوپڑا اورنک جونز کے درمیان طلاق کی خبر نے بھارتی میڈیا میں ہنگامہ مچادیا تھا۔ میگزین میں کہا گیا تھا کہ شادی سے قبل نک جونز کا ماننا تھا کہ پریانکا ایک سمجھدار خاتون ہیں تاہم شادی کے بعد نک کو پریانکا کی غالب فطرت اور ہربات منوانے کی عادت کا پتہ چلا تو مسائل بڑھنے لگے اور دونوں کے درمیان چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑے شروع ہوگئے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ نک جونز کی فیملی کی بھی ابتدا میں سوچ یہ تھی پریانکا ایک سمجھدار خاتون ہے جو گھر اور بچے سنبھالنے کے لیے تیار ہے تاہم بعد میں اندازہ ہوا کہ پریانکا کے بارے میں ان کی سوچ بالکل غلط تھی لہٰذا انہوں نے بھی نک جونزپر پریانکا کو چھوڑنے کے لیے اصرار کرنا شروع کردیا۔ اس خبرکوبھی پڑھیں: پریانکا اورنک کے درمیان شادی کے تین ماہ بعد طلاق؟
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پریانکا نے ان تمام خبروں کوبے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میگزین نے یہ آرٹیکل صرف اپنے شمارے کی زیادہ فروخت کے لیے شائع کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں نے ان کی شادی کے حوالے سے غلط خبروں پر مبنی آرٹیکل شائع کرنے کے لیے اوکے میگزین کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پریانکا جلد اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گی۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونز گزشتہ برس دسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے دونوں نے محبت کی شادی کی ہے اور دونوں کی عمر میں تقریباً 10 سال کا فرق ہے۔