کراچی (جیوڈیسک) راحت کاظمی اور مرینہ خان کے ماضی کے مشہور زمانہ ڈرامے ’دھوپ کنارے‘ کو سعودی عرب میں دکھایا جائے گا۔
سال 1987ء میں پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والا حسینہ معین کے تحریر کردہ مقبول ترین ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ کا شمار آج بھی پاکستانی ڈراموں کے مقبول ترین ڈراموں میں ہوتا ہے جس میں راحت کاظمی اور مرینہ خان کی لاجواب اداکاری نے اس ڈرامے کو کامیابیوں کی بلندی پر پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ خبر آئی ہے کہ اب یہ ڈرامہ پڑوسی اسلامی ملک سعودی عرب میں بھی ٹیلی ویژن کی زینت بننے جارہا ہے۔
عرب نیوز پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا کہ پاکستان ٹیلی ویژن سیریز ’دھوپ کنارے‘ رواں سال جون میں سعودیہ عرب میں عربی ترجمہ کے ساتھ دکھائی جائے گی جب کہ دوسری ڈرامہ سیریز ’تنہائیاں‘ ہوگی۔
اسی ضمن میں بین الاقوامی تعلقات کی ڈائریکٹر شازیہ سکندر نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہم نے دو مشہور ڈرامے ’دھوپ کنارے‘ اور تنہائیاں‘ کو دکھانے کے لیے منتخب کیا ہے جسے عربی ترجمے کے ساتھ اس سال سعودی عرب میں دکھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ پاکستانی ڈرامے جلد سعودی عرب میں دکھانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 16 اقساط پر مشتمل ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ میں ہدایت کاری کے فرائض ساحرہ کاظمی نے انجام دیئے تھے جس میں راحت کاظمی، مرینہ خان، ساجد حسن، قاضی واجد، بدر خلیل اور ارشد محمود نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔