کراچی (جیوڈیسک) شیر شاہ میں گل بائی پُل پر آئل ٹینکر الٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس نے قریب کھڑی گاڑیوں اور دکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق علی الصبح شیرشاہ میں گل بائی فلائی اوور پر آئل ٹینکر کنٹینر سے ٹکرا کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں پل کے نیچے موجود گودام اور قریب کھڑی کئی گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔
پولیس کے مطابق ٹینکر ڈیزل لے کر شیر شاہ سے نیٹی جیٹی جارہا تھا جو کنٹینر کو اوور ٹیک کرتے ہوئے الٹا جس سے آگ لگ گئی، حادثے کے بعد آئل ٹینکر دو حصوں میں ٹوٹ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ آئل ٹینکر اور کنٹینر کے ڈرائیورز موقع سے فرار ہوگئے جب کہ آئل ٹینکر نمبر ٹی ایل این 895 کے مالک کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں جب کہ پاکستان ائیرفورس کے 2 فائرٹینڈرز بھی آگ بجھانےکی کوشش میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹینکر میں ابھی بھی ڈیزل موجود ہے تاہم سیکیورٹی کے باعث پُل کا ٹریفک بند کردیا ہے۔
چیف فائر آفیسر تحسین احمد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صبح سات بجے آگ لگنےکی اطلاع ملی تھی اور ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس وقت 9 فائر ٹینڈرز اور چار واٹر باؤزر کام کررہے ہیں تاہم فوم کی مدد سے آئل ٹینکر میں لگنے والی آگ پر قابو پایا گیا ہے اور گودام میں لگنے والی آگ پر بھی 80 فیصد قابو پالیا گیا ہے۔