قاہرہ (جیوڈیسک) مصری پراسیکیوٹر جنرل نے کہا ہے سابق معزول صدر محمد مرسی ایرانی پاسداران انقلاب کے ایجنٹ تھے۔
اتوار کے روز قاہرہ میں عدالت میں بیان دیتےہوئے پراسیکیوٹر جنرل نےکہا کہ محمد مرسی ایرانی پاسداران انقلاب کےایجنٹ تھے اور وہ لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ اور فلسطینی تنظیم حماس کے مفادات کے لیے کام کرتے رہےہیں۔
کل اتوار کو صدر محمد مرسی اور اخوان المسلمون کے 23 دوسرے رہ نمائوں کے حماس کے لیے جاسوسی کیس کی سماعت ہوئی۔اس موقع پر مصری پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ اخوان رہ نما محیی حامد، احمد عبدالعاطی، رفاعہ الطھطھاوی، اسعد الشیخہ اور دیگر ملزمان معزول صدر محمد مرسی کے دفتر میں کام کرتے تھے اور انہوں نے مصر کے حساس سیکیورٹی راز ایرانی پاسداران انقلاب اور دوسری غیرملکی تنظیموں کودیے۔ سابق صدر محمد مرسی کو اس کا علم تھا مگر انہوںنے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی جس سے ظاہرہوتا ہے کہ محمد مرسی خود بھی ایرانی پاسداران انقلاب کے ایجنٹ تھے۔
مصری پراسیکیوٹر نے کہاکہ مرسی کے ساتھیوں نے ایرانی پاسداران انقلاب،حماس، حزب اللہ اور دوسری تنظیموں اور ملکوں کو اہم راز فراہم کیے جس کے نتیجے میں دوسرے ممالک کے ساتھ مصر کے تعلقات متاثر ہوئے۔ پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا تھاکہ اخوان المسلمون عرب ممالک کے سقوط اور ان کی تقسیم کے منصوبے پرکام کررہی تھی۔