اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ہم گھروں کے منصوبے پر وزیر اعظم کے ویژن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے تاہم 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ اسلام آباد سے شروع کر رہے ہیں۔
طارق بشیر نے کری روڈ پر سرکاری ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ملازمین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 اپریل کو کوئٹہ میں بھی اسکیم لانچ کریں گے، ہر کمرشل بینک سے 5 فیصد قرضہ سالانہ ہاؤسنگ سیکٹر کیلیے رکھنے کا کہا ہے، لاہور، کوئٹہ، کراچی میں جوائنٹ وینچر کے تحت رہائشی اسکیمیں کریں گے، یہ منصوبہ ڈیمانڈ کے مطابق ہوگا جہاں سے ڈیمانڈ آئے گی وہاں گھر بنائیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ایم ڈی پی ایچ اے کا شکریہ کہ 10 سال بعد لوگوں کی ضرورت پوری کرنے کا خیال آ گیا، جو کام کافی سال پہلے مکمل ہونا چاہیے تھا ہماری کوتاہی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، افسران کی یہ ساری زندگی کی کمائی ہے، ہم یہاں کسی پر تنقید نہیں کرنا چاہتے مگر 580 گھروں کا منصوبہ بھی بروقت مکمل نہ ہو تو لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب ہم 50 لاکھ گھر بنانے جا رہے ہیں، اگر رہائشی منصوبے کے عمل میں کوئی مسئلہ ہو تو میرے دروازے کھلے ہیں، وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو بھی ہاؤسنگ منصوبے کے تحت گھر بنا کر دیں گے، ہاؤسنگ اسکیم کیلیے فنانشل ریگولیٹری اتھارٹی بنائیں گے۔