سعودی عرب (جیوڈیسک) امریکا میں متعیّن سعودی عرب کی نئی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ان سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب سعودی دارالحکومت الریاض میں الیمامہ شاہی محل میں منعقد ہوئی ۔اس موقع پر آسٹریا ، کیمرون اور قبرص میں مقرر کیے گئے سعودی عرب کے نئے سفیروں نے بھی شاہ سلمان کے روبرو اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا ہے۔
شہزادی ریما بنت بندر کو گذشتہ ماہ ایک شاہی فرمان کے ذریعے واشنگٹن میں سعودی عرب کی سفیر مقرر کیا گیا تھا۔ان کا عہدہ وزیر کے برابر ہوگا۔وہ کسی بھی ملک میں سعودی عرب کی پہلی سفیر ہیں۔ان کے پیش رو سفیر شہزادہ خالد بن سلمان کو مملکت کا نائب وزیر دفاع مقرر کیا گیا تھا۔
وہ امریکا میں سعودی عرب کےسابق سفیر شہزادہ بندر بن سلطان کی بیٹی ہیں۔ ان کے والد امریکا میں 1983ء سے 2005ء تک سفیر رہے تھے۔وہ بعد میں سعودی عرب کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرل رہے تھے۔وہ سعودی عرب کی جنرل انٹیلی جنس پریذیڈینسی کے ڈائریکٹر جنرل کے منصب پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
شہزادی ریما کو اسی ماہ سعودی عرب کی خصوصی اولمپکس فیڈریشن کی سربراہ بھی نامزد کیا گیا تھا۔