شاہ سلمان کی وزیراعظم عادل عبدالمہدی سے ملاقات، عراق کے استحکام پر اظہار اطمینان

Shah Salman bin Abd al-Azizi Meeting

Shah Salman bin Abd al-Azizi Meeting

الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے دارالحکومت الریاض میں ملاقات کی ہے۔شاہ سلمان نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے عراق کے استحکام پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی سطح پررونما ہونے والی تازہ پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

عراقی وزیراعظم آج ہی ایک وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر الریاض پہنچے تھے۔وفد میں عراقی حکومت کے اعلیٰ عہدے دار ، پارلیمان کے ارکان ، گورنر ، مشیر ، اداروں کے سربراہان اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

عادل عبدالمہدی نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’ ہم بدھ کو کاروباری افراد کے ایک بڑے وفد کے ساتھ سعودی عرب جارہے ہیں۔ہم سعودی مملکت کے ساتھ اپنے تعلقات میں ایک بڑی تبدیلی ملاحظہ کررہے ہیں‘‘۔

العربیہ کے نمایندے کے مطابق عراقی وزیراعظم کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تیرہ سمجھوتوں پر دست خط ہوں گے۔