سوڈان (جیوڈیسک) سوڈان میں عبوری عسکری کونسل نے معزول صدر عمر البشیر کی جماعت نیشنل کانگریس کی صف اول کی قیادت کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا ہے۔
فوج نے نیشنل کانگریس کے قائم مقام صدر احمد ھارون، سابق نائب صدر علی عثمان محمد اور صدر جمہوریہ کے سابق معاون عوض الجاز کو حراست میں لے لیا ہے۔
” ملٹری انٹیلی جنس نے ہفتے کے روز نیشنل کانگریس کے سرکردہ رہنما نافع علی نافع کو گرفتار کرنے کے بعد کوبر جیل میں ڈال دیا ہے۔
اس کے علاوہ سابق اسپیکر احمدابراہیم الطاھر، علی عثمان محمد طہ، اسامہ عبداللہ ، عبدالرحیم محمد حسین اور سابق صدر کے دو بھائیوں عبداللہ اور العباس کو بھی کوبر جیل منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
قبل ازیں ہفتے کے روز سوڈان کے پراسیکیوٹر جنرل نے اسٹیٹ سیکیورٹی کا ادارہ ختم کرتے ہوئے اس کی جگہ انسداد بدعنوانی کمیشن قائم کیا ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل نے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس میں سابق حکومت کے دور میں تعینات کیے گئے بعض عہدیداروں کو حاصل آئینی تحفظ ختم کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔
پراسیکیوٹر جنرل نے بدعنوانی اور قومی خزانے کی لوٹ مار کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ یہ کمیٹی کرپشن کے حوالے سےہونے والی تحقیقات کی نگرانی کرے گی۔