قومی کرکٹرز نے ورلڈ کپ میں دھاک بٹھانے کا ارادہ باندھ لیا

National Cricketers

National Cricketers

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹرز نے ورلڈکپ میں دھاک بٹھانے کا ارادہ باندھ لیا، محمد حفیظ نے کہا کہ بہترین نتائج کیلیے پوری جان لڑا دیں گے۔ بابر اعظم نے کہا کہ ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔حارث سہیل کا کہنا ہے کہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے کا عزم کرلیا۔

حسن علی کا کہنا ہے کہ اسکور کم اور وکٹیں زیادہ لینے کی ٹھان لی۔جنید خان اور فہیم اشرف بھی کچھ خاص کردکھانے کے خواہاں ہیں۔تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری کیمپ میں گزشتہ روز ٹارگٹ میچز کا سلسہ جاری رہا، اس دوران 7کھلاڑیوں نے میڈیا سے بات چیت میں ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا۔ محمد حفیظ کاکہنا تھا کہ یہ نہیں سوچا، یہ میرا آخری میگا ایونٹ ہے، کوشش کروں گا کہ ٹیم کی جیت میں اپنا اہم کردار ادا کر سکوں، یقین دلاتا چاہتا ہوں کہ بہترین نتائج کیلیے پوری جان لڑادیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کیریئر میں زیادہ تر بطور اوپنر کھیلا اور اس پوزیشن پر کھیلتے ہوئے زیادہ بہتر محسوس کرتا ہوں،ٹیم مینجمنٹ نے چوتھی پوزیشن پر کھیلنے کیلیے کہا ہے یہ رول بھی احسن انداز میں نبھانے کی کوشش کروں گا انجری کی وجہ سے 9ہفتوں کیلیے باہر ہوا، ورلڈ کپ تک مکمل طور پر فٹ ہو جاؤں گا۔ بابر اعظم نے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی فتح کی بدولت ٹیم کا مورال بلند ہے اور جیت کے جذبے سے ہی انگلینڈ جائیں گے، اپنے رول کے مطابق کھیلتا ہوں اور وکٹ پر زیادہ ٹھہرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

پاورہٹنگ کے بغیر ہی دنیا کا ٹاپ بیٹسمین ہوں، تاہم موقع کی مناسبت سے بڑے اسٹروکس کھیل سکتا ہوں، پاکستان ٹیم کو تیز وکٹوں پر کھیلنے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، بیٹسمین جنوبی افریقہ میں اچھا کھیلے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کھیلنا ایک خواب ہے جس کی تعبیر ملنے والی ہے، ہر میچ میں ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے کی کوشش کروں گا، حارث سہیل نے کہاکہ پاک بھارت میچ کے بارے میں ابھی کوئی پلاننگ نہیں کی، ٹیم مینجمنٹ کی ہدایات کے مطابق کھیلیں گے، انگلینڈ کے خلاف سیریز اوروارم اپ میچز سے ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی اور ٹیم کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوگی۔انھوں نے کہاکہ میرا ٹارگٹ پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنا اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بننا ہے۔فاسٹ بولر حسن علی نے کہاکہ وہ پی ایس ایل کا بہترین بولر رہا، کوشش ہوگی کہ کم سکور دوں اور زیادہ وکٹیں لوں،وزیر اعظم عمران خان نے سبق دیا کہ کبھی ہار مت مانو،خود پر یقین رکھتے ہوئے فتح کی جانب گامزن رہنے کی کوشش کرو،ورلڈکپ میں آخری گیند تک لڑیں گے۔

جنید خان نے کہا کہ ہر میچ کیریئر کا آخری میچ سمجھ کر کھیلتا ہوں، دباؤ میں زیادہ بہتر پرفارم کرتا ہوں، ورلڈ کپ کے دوران بطور سینئر 100فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا، محمد عامر کے ٹیم کیساتھ رہنے کا مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہوگا جو محنت کرے گا وہ اوپر آجائے گا،اس سے بات پر مکمل یقین ہے کہ آپ محنت کرتے ہیں تو اللہ اس کا صلہ ضرور دیتا ہے، ورلڈ کپ کے دوران کسی کسی ایک بیٹسمین کو نہیں بلکہ ہر اچھے بیٹسمین کو آؤٹ کرنا میرا ہدف ہے، عمران خان لیجنڈ کھلاڑی ہیں، ان کے مشوروں کا قومی ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا، فہیم اشرف نے کہاکہ بطور آل راؤنڈر ٹیم میں شامل ہوا، بیٹنگ بولنگ دونوں شعبوں میں پرفارمنس دینے کی پوری کوشش کروں گا، میرا پہلا ورلڈ کپ ہے،اس کو یادگار بناؤں گا۔