کراچی : معروف مذہبی اسکالر و جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ معاشرے کے بگاڑ و اصلاح میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے، پیمراچینل مالکان کو بامقصد تفریحی واصلاحی پروگرام پیش کرنے کا پابند بنائے، ٹیلی مالکان رمضان نشریات کو شریعت کے مطابق بنائیں ،ریٹنگ کیلئے، متنازع کردار وافعال کے حامل افراد کو مذہبی پروگراموں کی میزبانی مذہب کی توہین کاباعث بنتی ہے۔پیرکو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ مبارک ومقدس ماہ کی آمد آمد ہے جو آخرت کی کمائی کی سیزن ہے ہر شعبہ زندگی تعلق رکھنے والے لوگ بابرکت ماہ کی آمد کیلئے تیاریوں میں مصروف ہیں کہاکہ رمضان المبارک میں پیمرا چینل مالکان کو بامقصد تفریحی واصلاحی پروگرام پیش کرنے کا پابند بنائے۔
ٹی وی چینلز مالکان اشتہارات وریٹنگ کی جنگ کو اس کی حدود تک رکھیں، اسلام اور شعائر اسلام کا مذاق اڑانے، اس کی توہین کرنے اور کھلے عام فحاشی پھیلانے والوں کو مذہبی پروگراموں کی میزبانی دینا بالواسطہ مذہب کی توہین کے مترادف ہے،انہوں نے کہاکہ رمضان امت مسلمہ کی تربیت کا مہینہ ہے اس میں میڈیا کو اسلامی تربیتی پروگرام تشکیل دینے چاہیں نہ کہ ایسے پروگرامات جو رمضان کے تقدس کی پامالی کا باعث رہے ہوں ۔ دنیا کے عارضی فوائد کیلئے نظریات کا سودا کرنے والے سراسر گھاٹے کا سودا کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ مذہب کی تبلیغ کیلئے بے داغ کردارکے حامل لوگوں کو مختص کرنا چاہیے جو اللہ اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے والے ہوں نہ کہ ایسے لوگوں کو جن کا شب وروز اسلام کے خلاف گزرتاہو، یہی وجہ ہے کہ اسلام کی تبلیغ کرنے سے پہلے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے قریش کے سامنے خود پیش کیا اور کہاکہ اے قریش والو !میں چالیس سال تمہارے درمیان رہا تم نے مجھے کیسا پایا ، جب قریش نے آپ کی امانت دیانت اور صداقت کا اقرار کیا تو تب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مذہب کی بات کی اور کہاکہ کلمہ توحید کے دائرے میں داخل ہوکر مسلمان بن جاؤ ، انہوں نے کہاکہ اگر ٹی وی چینل ملک اور اسلام کے ساتھ مخلص ہیں تو وہ اپنے مذہبی پروگرامات کی باعث معصیت نہ بنائیں۔